وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی 9سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جبکہ حکومت پائیدار ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔
یومِ تعمیر و ترقی پر تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی حکومتی پالیسیوں کی بدولت 9سال کی کم ترین سطح پر آئی جبکہ پالیسی ریٹ میں کمی اور زرِ مبادلہ ذخائر میں اضافہ حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ حکومت رائٹ سائزنگ اور نجکاری سمیت ڈھانچہ جاتی اصلاحات میں مصروف ہے۔
خطاب کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات کیلئے ٹیکنالوجی متعارف کرادی گئی ہے۔
دوسری جانب تقریب میں شریک وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نے سیاست قربان کرکے ریاست بچائی ہے، گزشتہ 1 سال کی داستان قربانیوں کی داستان ہے، حکومت نے سیاست نہیں کرنی بلکہ ریاست کو فروغ دینا ہے۔
اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہوچکا ہے، حکومت مشکل فیصلے کرچکی ہے لیکن آگے کا سفر بھی آسان نہیں۔ تنخواہ دار طبقہ قومی خزانے میں 300 ارب روپے دے چکا، حکومتی اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کم ترین سطح پر آئی، آئی ایم ایف سے معاہدہ ممکن ہوسکا اور ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








