لاکھوں کی تشہیر، اربوں روپے کا چونا! لاہور میں بائیکر لین کا رنگ بارش میں بہہ گیا، سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان

تازہ ترین

تازہ ترین

Lahore's biker lane paint washes away in rain

لاہور میں ہونے والی بارش کے بعد متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں فیروزپور روڈ پر پنجاب حکومت کی مخصوص بائیک لین کا سبز رنگ دھل کر ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے جس سے یہ ٹریک خطرناک اور پھسلن زدہ ہوگیا ہے۔

گزشتہ ماہ لاہور کی فیروزپور روڈ پر سائیکل سواروں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے مخصوص لین متعارف کرائی گئی تھی، جسے سبز اور نارنجی رنگ سے پینٹ کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے صرف رنگ پر 11 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے 10 کلومیٹر طویل بائیکر لین کی تعمیر شروع کی تھی جو کینال روڈ سے لاہور برج تک جاتی ہے۔

12 فٹ چوڑی ان لینز کو کناروں پر رکاوٹوں اور سبز رنگ سے الگ کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور موٹر سائیکل سواروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

بائیکر لین کی آزمائشی مدت کے دوران سبز اور نارنجی رنگ کا استعمال کیا گیا تھا تاکہ اسے نمایاں بنایا جا سکے، لیکن پہلی ہی بارش نے یہ تمام رنگ دھو ڈالے۔

بارش کے بعد سڑک کا اصل رنگ ظاہر ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، اور صارفین نے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

سیاسی رہنما مونس الٰہی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ لاکھوں روپے کی تشہیر، اربوں روپے کا چونا! لاہور کی پہلی ہی بارش نے یہ نمائشی بائیک لین اور اس کا مصنوعی رنگ بہا دیا۔

ایک صارف نے ٹھیکیدار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ لاہور کی موٹر سائیکل گرین لائن کا رنگ پہلی بارش میں ہی مٹ گیا۔ سب سے سستا رنگ بھی ایک بارش میں نہیں بہتا۔ لگتا ہے ٹھیکیدار نے اصل پینٹ کے بجائے چونا لگا دیا، جو بارش برداشت نہ کر سکا۔

ایک اور صارف نے طنزیہ تبصرہ کیا کہ پہلی ہی بارش نے جادوگر کا سبز رنگ بہا دیا، اب موٹر سائیکل سوار اپنی گرین لائن ڈھونڈتے پھر رہے ہیں۔

ایک شہری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند دن پہلے کروڑوں روپے سے سرخ اور سبز بائیکر لین بنائی گئی تھی، جسے ایک انقلابی منصوبہ قرار دیا جا رہا تھا۔ مگر صرف ایک بارش نے اس کا رنگ مٹا دیا۔ عوام کے ٹیکس کا پیسہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے، لیکن جو سوال کرے وہ نشانے پر آ جاتا ہے۔

Related Posts