وزیر اعظم شہباز شریف کا آذربائیجان میں شاندار استقبال

تازہ ترین

تازہ ترین

PM Shehbaz receives warm welcome in Azerbaijan, aims to boost ties

وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

آذربائیجان کی اعلیٰ قیادت نے وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا۔حیدر علیوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال آذربائیجان کے نائب وزیر اعظم یعقوب عبداللہ اوغلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچن رفییف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اپنے دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے، اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، دفاعی تعاون کے فروغ اور ثقافتی تبادلے کو بھی اپنی گفتگو کا حصہ بنائیں گے۔ ان کے دورے کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے کاروباری رہنماؤں کا اجلاس بھی منعقد ہوگا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں جو مشترکہ اقدار اور یکساں اہداف پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی اشتراک کو وسعت دینے کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔

Related Posts