اسلام آباد: ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان جمعرات کے روز وزیرِاعظم شہباز شریف کی دعوت پر اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔
نور خان ایئربیس پر ولی عہد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، کابینہ کے اراکین، سینئر سفارتی اور سرکاری حکام موجود تھے۔
استقبالیہ مقام کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا جبکہ بچوں کے ایک گروپ نے دونوں ممالک کے پرچم لہرا کر معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔
ولی عہد کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے جس میں وزرا، سینئر حکام اور نمایاں کاروباری شخصیات شامل ہیں۔
اپنے دورے کے دوران ولی عہد پاکستانی قیادت کے ساتھ وسیع تر ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔
دونوں ممالک کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے تاکہ طویل المدتی اشتراک کے لیے موجودہ مضبوط فریم ورک کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
ان معاہدوں سے مشترکہ منصوبوں اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے جو دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








