اسلام آباد: وزارت خزانہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مارچ میں مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے جو عید الفطر سے قبل 3 سے 4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والی ماہانہ اقتصادی جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ فروری میں صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) کے تحت مہنگائی کی شرح مستحکم رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں مہنگائی کی شرح 2 سے 3 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم مارچ میں اس میں معمولی اضافہ ہو کر یہ 3 سے 4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جنوری میں سی پی آئی کی شرح 2اعشاریہ 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں یہ شرح 24 فیصد تھی۔
حکام نے مہنگائی میں کمی کو معاشی استحکام سے جوڑا ہے جو گزشتہ سال موسم گرما میں حاصل کیے گئے سات ارب ڈالر کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت ممکن ہوا۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالیاتی فاضل آمدنی میں آئندہ مہینوں میں مزید بہتری کی توقع ہے،رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرونی ترسیلات زرمیں اضافے کا امکان ہے۔
مالی سال 2025 کے جولائی تا جنوری کے دوران محنت کشوں کی ترسیلات زر 20اعشاریہ 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے 15اعشاریہ 8 ارب ڈالر کے مقابلے میں 31اعشاریہ 7 فیصد زیادہ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








