نئی دہلی: بھارت میں ایک مسلمان شہری کا گھر اس وقت مسمار کر دیا گیا جب اس پر پاک بھارت میچ کے دوران ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے کا الزام لگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا، جہاں ایک مسلمان شہری اپنے گھر میں ٹی وی پر دبئی میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی کے پاک بھارت میچ کو دیکھ رہا تھا۔
میچ دیکھتے ہوئے مسلمان شہری نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا جس کے بعد ایک مقامی فرد نے اس پر اور اس کے اہل خانہ پر ملک مخالف نعرے لگانے کا الزام لگا دیا۔ اس کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے اس کا گھر مسمار کر دیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی۔
دوسری طرف یہ واقعہ بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور مسلمانوں کے خلاف سخت رویے کی ایک اور مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








