بلوچستان کے نصیر آباد ڈویژن کے ضلع صحبت پور میں ایک گھر پر وحشیانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
قومی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور آگ لگانے کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے گھر پر دھاوا بولنے کے بعد پہلے وہاں موجود افراد پر فائرنگ کی اور پھر مکان کو آگ لگا دی جس سے اندر موجود افراد کے بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے گھر کے تمام ممکنہ راستے بند کرکے آگ لگائی تاکہ کوئی باہر نہ نکل سکے۔
حکام کے مطابق واقعہ زمین کے تنازعے کا نتیجہ لگتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
پولیس اس بات کی بھی چھان بین کر رہی ہے کہ آیا مقتولین کو پہلے سے کوئی دھمکیاں دی گئی تھیں یا نہیں۔
اس المناک واقعے پر شدید مذمت کی جا رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے زمین کے جھگڑوں کو جان لیوا تصادم میں بدلنے سے روکنے کے لیے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








