کراچی میں انٹر کے امتحانات پانچ مئی سے شروع، آخری پرچہ کب ہوگا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Class XI and XII exams to start from May 5 in Karachi
FILE PHOTO

کراچی: ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز پانچ مئی سے ہوگا۔

اس سلسلے میں تعلیمی بورڈ کی جانب سے امتحانات کی تاریخ وار فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق گیارہویں جماعت کا پہلا پرچہ پانچ مئی کو لیا جائے گا جبکہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 29مئی تک جاری رہیں گے۔ امتحانات کا وقت صبح نو بجے سے دوپہر بارہ بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

رواں سال تقریباً ایک لاکھ 26ہزار پانچ سو طلبا و طالبات ان امتحانات میں شریک ہوں گے جن میں سے 34ہزار پانچ سو طلبہ شام کے اوقات میں ہونے والے امتحانات میں حصہ لیں گے۔

شہر بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لیے کل 182امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 36مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان حساس مراکز کے اطراف میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنایا جا سکے۔

شدید گرمی کے پیش نظر ریسکیو خدمات فراہم کرنے والے ادارے سے بھی مدد کی درخواست کی گئی ہے، تاکہ امتحانات کے دوران طلبہ کو طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ امتحانات کو شفاف انداز میں منعقد کروانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق امتحانی مراکز میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نگرانی کے لیے محکمہ کالج ایجوکیشن اور انٹرمیڈیٹ بورڈ کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو امتحانی مراکز کا جائزہ لیں گی اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔

Related Posts