گڈانی کے ساحل پر سیر کے لیے جانے والے ایک معذور شخص نے اپنے بیٹے کی جان بچانے کی کوشش میں اپنی جان گنوا دی۔
کراچی کے علاقے بنارس کٹی پہاڑی کا رہائشی کریم شاہ نامی شخص اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے گڈانی گیا تھا۔ اس کا 12 سالہ بیٹا عبید سمندر میں نہاتے ہوئے تیز لہروں کی زد میں آ کر بہہ گیا۔
بیٹے کو بچانے کی کوشش میں والد بھی سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گیا اور جان کی بازی ہار گیا۔ مقامی افراد کے مطابق کریم شاہ ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔
یہ امر قابلِ افسوس ہے کہ کراچی اور گرد و نواح کے ساحلی علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات بارہا پیش آ چکے ہیں جن کی بڑی وجہ حفاظتی اقدامات سے لاعلمی اور ساحلوں پر نگرانی کا فقدان ہے۔
عوام کو ساحلی علاقوں پر جانے سے قبل ممکنہ خطرات سے آگاہ ہونا چاہیے کیونکہ ان مقامات پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں اور اکثر مقامات پر کوئی نگرانی کا نظام موجود نہیں ہوتا۔
باوجود اس کے کہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات بار بار پیش آتے ہیں حکومت یا متعلقہ اداروں کی جانب سے خطرناک لہروں یا غیر محفوظ ساحلی علاقوں جیسے گڈانی میں کسی قسم کا وارننگ سسٹم یا حفاظتی بندوبست موجود نہیں۔
عوام بالخصوص تفریح کی غرض سے آنے والے خاندان ان خطرات سے لاعلم ہوتے ہیں جس کے باعث خوشی کی گھڑی ایک دلخراش حادثے میں بدل جاتی ہے۔ ضروری ہے کہ ان علاقوں میں احتیاط سے کام لیا جائے اور مکمل آگاہی کے ساتھ قدم رکھا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








