کراچی میں دوسرا حملہ ناکام، بھارتی ڈرون گلشن حدید میں گرکر تباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

The Pakistan Army Shoots Down Two Indian Drones in Bahawalnagar and Okara
ONLINE

کراچی کے حساس علاقے گلشن حدید میں ایک اور بھارتی ڈرون حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

 اس واقعے سے قبل کراچی کے علاقے ملیر کے شرافی گوٹھ میں بھی ایک بھارتی ڈرون گرائے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ گلشن حدید میں بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج اور فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے اس ڈرون کو فضا میں ہی نشانہ بنایا۔ ملیر اور گلشن حدید کے رہائشیوں نے زوردار دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سننے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج، خصوصاً کراچی ریجن میں تعینات یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد شہری علاقوں کو خوفزدہ کرنا اور قومی سلامتی کو متاثر کرنا ہے تاہم ہر حرکت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

بھارتی جارحیت کا یہ تازہ سلسلہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب چند ہی روز قبل آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں میں 12 ڈرونز بھیجنے کی تصدیق کی تھی جنہیں لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، چھور اور چکوال میں نشانہ بنایا گیا۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، کسی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی سیکیورٹی اداروں کو دیں، اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

Related Posts