پوپ لیو XIV: رابرٹ پریواسٹ مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا

تازہ ترین

تازہ ترین

نئے پوپ اپنا روحانی منصب سنبھالتے ہوئے، فوٹو عالمی میڈیا

 کیتھولک چرچ کے 267ویں روحانی پیشوا کا انتخاب مکمل ہو گیا،امریکا سے تعلق رکھنے والے کارڈینل رابرٹ پریواسٹ کو نیا پوپ منتخب کیا گیا ہے، جنہوں نے لیو چودھویں کا لقب اختیار کیا،وہ امریکہ سے منتخب ہونے والے پہلے پوپ ہیں۔

جمعرات کے روز جب سفید دھواں سِسٹین چیپل کی چمنی سے بلند ہوا تو ہزاروں افراد سینٹ پیٹرز اسکوائر کی جانب دوڑ پڑے،کچھ لوگ روتے دکھائی دیے، کچھ خوشی سے ایک دوسرے کو گلے لگا رہے تھے۔

سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی پر نمودار ہو کر پوپ لیو چودھویں نے ہجوم سے پہلا جملہ کہاآپ سب پر سلامتی ہو،یہ قیامت کے بعد مسیح کا پہلا پیغام تھا،ایک ایسا چرواہا جس نے خدا کی خاطر اپنی جان دے دی۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ سلامتی ہمارے دلوں اور گھروں میں اتر جائے۔پوپ اس موقع پر جذباتی دکھائی دیے اور نیچے کھڑے عوام کی جانب ہاتھ ہلا کر محبت کا اظہار کیا۔

رابرٹ پریواسٹ کا تعلق امریکی ریاست الی نوائے کے شہر شکاگو سے ہے۔ وہ جنوبی امریکا میں طویل عرصے تک مبلغ رہے اور پیرو میں کئی سال خدمات انجام دیں، جہاں وہ دو مختلف شہروں میں بشپ بھی رہے۔ وہ 2015 سے پیرو کے شہری بھی ہیں۔

حالیہ برسوں میں ویٹی کن میں ایک اہم دفتر کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے، انہوں نے دنیا بھر کے بشپ تعینات کیے اور پوپ فرانسس کی اصلاحات کو مضبوطی سے آگے بڑھایا۔

انتخاب کی خبر سامنے آتے ہی سینٹ پیٹرز اسکوائر پر دنیا بھر کے پرچم لہرا دیے گئے۔ اطالوی، ارجنٹائنی، پیرووی، برازیلی، فلپائنی اور پولش پرچم نمایاں تھے۔ سوئس گارڈز اپنی مخصوص پٹی دار وردیوں میں مارچ کرتے دکھائی دیے، اور ویٹی کن کا قومی ترانہ بجایا گیا۔

جیسے ہی پوپ لیو چودھویں نے بالکونی سے عوام کو مبارکباد دی، لوگ نعرے لگاتے، ہاتھ لہراتے اور دُعائیں کرتے نظر آئے۔ یہ ایک روحانی، تاریخی اور عالمگیر لمحہ تھا،ایسا لمحہ جس نے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا۔

Related Posts