اسلام آباد: پاکستان نے ہفتے کے روز بھارت کے عسکری سیٹلائٹ نظام کو مکمل طور پر جام کر دیا اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی سرکاری ویب سائٹ کو بھی ہیک کر لیا، یہ کارروائی پاکستان فضائیہ کی جدید ترین سائبر و الیکٹرانک وارفیئر ٹیم نے انجام دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کا مخصوص عسکری سیٹلائٹ، جو جنگی رابطوں، نگرانی اور میزائل گائیڈنس میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا، اب مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔
پاکستانی فضائیہ نے کامیابی سے اس سیٹلائٹ کے مواصلاتی نظام کو جام کر دیا ہے جس کے نتیجے میں بھارتی افواج کے مواصلاتی رابطوں میں شدید خلل پیدا ہوا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایک حیران کن سائبر کارروائی میں پاکستانی ہیکرز نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سرکاری ویب سائٹ کو ہیک کر کے کئی اہم صفحات کو معطل کر دیا۔
اگرچہ بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر ابھی تک مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر اور رپورٹس سے اس ہیکنگ کی تصدیق ہو چکی ہے۔
بھارتی عسکری سیٹلائٹ کی غیر فعالیت کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ اب کسی بھی قسم کے ڈیٹا کی ترسیل یا کنکشن میں ناکام ہو چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کارروائیاں نہ صرف پاکستان کی سائبر دفاعی و حربی صلاحیتوں کی مظہر ہیں بلکہ یہ بھارت کے جنگی عزائم کے خلاف ایک مربوط تکنیکی جواب بھی ہیں۔
موجودہ پاک بھارت کشیدگی میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ملک نے دوسرے کی سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل حکمرانی کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔
یہ اقدام پاکستان کی جانب سے “بنیان المرصوص” آپریشن کے تسلسل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت پاکستان نے کئی بھارتی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب بھارتی حکام اس واقعے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جبکہ اندرونی ذرائع کے مطابق دہلی میں ہنگامی میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اس غیر متوقع تکنیکی حملے کا جواب دیا جا سکے۔
عالمی سطح پر ماہرین اور طاقتور ریاستیں اس پیشرفت کو نہایت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہیں کیونکہ خلائی اور سائبر وارفیئر جیسے اقدامات کسی بھی روایتی جنگ سے زیادہ خطرناک اور نازک سمجھے جاتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ، چین، اور امریکہ سمیت کئی عالمی قوتوں نے دونوں ممالک سے تحمل اور مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ خطے میں ایٹمی تصادم کا خطرہ ٹالا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








