اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق “آپریشن بنیان المرصوص” کے دوران پاکستانی فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی لڑاکا طیارے تباہ ہو گئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایک بڑے فوجی ردعمل کا حصہ تھی جس میں پاکستان نے دشمن کے جنگی اثاثوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی حملے کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے کئی طیارے تباہ ہوئے اور ان کے متعدد پائلٹ یا تو شدید زخمی ہوئے یا لاپتہ ہو گئے۔
ایک بھارتی جنگی طیارہ اننت ناگ کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جہاں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔ اس طیارے کی ایجیکشن سیٹ گڈول کوکرناگ سے برآمد کی گئی ہے۔
ایک اور لڑاکا طیارہ پامپور یا پلوامہ کے علاقے میں گرنے کی اطلاع ہے جس کے دونوں پائلٹ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں فوری طور پر سری نگر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی طرح رامسو، ضلع رامبن کے علاقے میں ایک تیسرا طیارہ گر کر تباہ ہوا جس کا پائلٹ فلائنگ آفیسر اقبال سنگھ زخمی حالت میں ادھم پور کے آرمی اسپتال پہنچایا گیا۔
اس کے علاوہ بھردہ کلاں، تحصیل اکھنور میں ایک جنگی طیارہ زرعی زمینوں پر گرا جس میں سوار دونوں بھارتی پائلٹ زخمی ہو گئے اور انہیں فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع نے مزید تصدیق کی ہے کہ بھارتی ریاست بھٹنڈہ کے علاقے میں بھی بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ تباہ ہوا۔
واضح رہے کہ جموں شہر سے تقریباً تیرہ ناٹیکل میل مشرق میں بھارت کا ایک ’ہیروَپ‘ ڈرون بھی مار گرایا گیاجو ریموٹ کنٹرول سے چلنے والا فضائی جاسوس آلہ تھا۔
یہ کامیاب کارروائیاں بھارتی فضائیہ کے لیے ایک بڑا دھچکا سمجھی جا رہی ہیں جبکہ علاقائی کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








