اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے خان یونس میں یورپی اسپتال کے نیچے زیر زمین قائم حماس کے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز پر حملہ کیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق خان یونس میں اسپتال پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی عہدے داروں نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے حماس کے عسکری ونگ (القسام بریگیڈز) کے سربراہ محمد السنوار کو ایک اسپتال کی واقع خفیہ پناہ گاہ میں فضائی حملے کا نشانہ بنایا۔
اسرائیلی عہدے دار نے انگریزی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ حکومت کو انٹیلی جنس معلومات موصول ہوئیں جن سے اس پناہ گاہ میں السنوار کی موجودگی کا پتا چلا اور کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسرائیلی عہدے دار نے کہا کہ حملے کے نتائج ابھی تک غیر واضح ہیں، اسرائیلی فوج اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا حماس کے دیگر اعلیٰ عسکری رہنما بھی اس پناہ گاہ میں السنوار کے ساتھ موجود تھے یا نہیں۔
عہدے دار کے مطابق ایسی کوئی انٹیلی جنس اطلاع موجود نہیں جس سے معلوم ہو کہ السنوار اسرائیلی یرغمالیوں کے ساتھ وہاں موجود تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ “اگر یرغمالیوں کو نقصان پہنچنے کا معمولی خدشہ بھی ہوتا تو ہم یہ حملہ نہ کرتے۔”
مذکورہ ویب سائٹ کے مطابق اگر القسام کے سربراہ محمد السنوار کی ہلاکت کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ حماس کے لیے ایک اور کاری ضرب ہو گی۔
یاد رہے کہ محمد السنوار اپنے بھائی شہید یحییٰ السنوار اور اپنے پیش رو محمد الضیف کے بعد عسکری قیادت سنبھال چکے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








