کانز فلم فیسٹیول 2025 کے دوران عالمی فلمی صنعت کی 350 سے زائد معروف شخصیات نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک کھلا خط جاری کیا ہے۔
خط میں فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونا کے اسرائیلی فضائی حملے میں قتل کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ حسونا، جو 25 سال کی عمر میں شہید ہوئیں، اس وقت غزہ میں محصور زندگی پر مبنی دستاویزی فلم Put Your Soul on Your Hand and Walk میں مرکزی کردار ادا کر رہی تھیں، جو کانز میں پیش کی جانے والی تھی۔ ان کے ساتھ ان کے دس اہل خانہ بھی شہید ہوئے۔
اس خط پر دستخط کرنے والوں میں عالمی شہرت یافتہ ہدایتکار، اداکار اور فلم ساز شامل ہیں جن میں پیڈرو المودووار، الفونسو کوارون، ڈیوڈ کروننبرگ، جولیٹ بینوش، جیوکوان فینکس، سوسن سارینڈن، جیویر بارڈیم، مارک رفاللو، کیتھ بلیچٹ اور فلورنس پیو سمیت دیگر نامور فلمی ستارے شامل ہیں۔
اے ایف پی سے گفتگو میں ایرانی ہدایتکار سپیدہ فارسی کا کہنا تھا کہ کانز فیسٹیول کو چاہیے کہ وہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کی کھل کر مذمت کرے۔ یہ کہنا کہ فیسٹیول غیر سیاسی ہے، کسی طور پر معنی خیز نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کانز فیسٹیول میں یوکرین پر خصوصی توجہ دی گئی جب کہ غزہ کو نظرانداز کردیا گیا، فیسٹیول کے افتتاحی دن یوکرین جنگ پر 3 فلمیں پیش کی گئیں جن میں یوکرینی صدر پر بننے والی دستاویزی فلمیں بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








