پسند کی شادی نہ ہونے پر ماں نے اپنے بیٹے کو بے دردی سے قتل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، فائل فوٹو

خانپور کے نواحی علاقے موضع قادر پور میں ماں کے ہاتھوں اپنے ہی تین سالہ معصوم بیٹے کے بہیمانہ قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

تھانہ ظاہر پیر کی حدود میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں انسہ بی بی نامی خاتون نے اپنے جگر گوشے عمیر علی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بند صندوق میں رکھ کر کمرے کی زمین میں دفنا دی۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر تھانہ ظاہر پیر کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی، جہاں زمین کھودنے پر صندوق میں سے تین سالہ مقتول بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ماں انسہ بی بی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ خاتون انسہ بی بی کی اپنی پسند کی شادی نہ ہونے اور گھریلو لڑائی جھگڑوں کے باعث ذہنی دباؤ میں تھی، جس کے نتیجے میں اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

ملزمہ نے مبینہ طور پر پہلے بچے عمیر علی کے ہاتھ پاؤں باندھے، پھر اسے قتل کر کے لاش کو صندوق میں بند کیا اور کمرے کے اندر ہی دفن کر دیا۔

مقتول عمیر علی کی دادی حسینہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.

Related Posts