پاکستان کا ایران ایٹمی پروگرام کی مکمل حمایت کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسلام آباد پوسٹ)

وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ پاک، بھارت کشیدگی کے دوران ایران کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے ایران آ کر خوشی ہو رہی ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تاریخی و ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان ایران کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے، اور ہم دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جن میں ثقافت، معیشت، سیکیورٹی، اور علاقائی روابط شامل ہیں۔

وزیراعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت، خصوصاً سفیر، مسلسل ہمارے ساتھ رابطے میں رہے۔ میں ایران کی یکجہتی اور مسلسل سفارتی حمایت پر شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں اور بھارت کے ساتھ تمام اہم مسائل — بشمول تجارت، پانی کے تنازعات اور انسداد دہشتگردی پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بھارتی لوک سبھا میں کیے گئے وعدوں کے مطابق ہو۔ اگر بھارت دوبارہ جارحیت کا راستہ اختیار کرتا ہے تو پاکستان فیصلہ کن جواب دے گا، لیکن اگر بھارت امن کا ہاتھ بڑھاتا ہے تو ہم مخلصانہ طور پر جواب دیں گے۔

Related Posts