عیدالاضحی کی آمد سے قبل حیدرآباد کی لیاقت کالونی میں ایک دیوہیکل قربانی کے بیل جے ایف 17تھنڈرنے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر الی، تقریباً 40 من (1600 کلوگرام) وزنی اس بیل کو 50 لاکھ روپے کی ریکارڈ قیمت میں فروخت کیا گیا۔
ڈائیلاگ پاکستان کے مطابق یہ بیل پاکستان کے مشہور جنگی طیارے جے ایف 17تھنڈ کے نام پر مقامی مویشی بیوپاری شاروخ نے پالا تھا، جو اس کامیاب سودے پر بھرپور جشن مناتے دکھائی دیے۔
بیل کی روانگی کے موقع پر خصوصی شامیانہ لگایا گیا جبکہ خریدار کے قافلے کا روایتی جلوس کی صورت میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانوں اور میزبانوں نے ایک دوسرے کو نوٹوں اور پھولوں کے ہار پہنائے، ساتھ ہی سندھی اجرک کے تحائف بھی دیے گئے۔
جے ایف 17تھنڈر کی جسامت اور خوبصورتی نے پورے شہر کے لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لیا، جہاں بڑی تعداد میں شہری نہ صرف اسے دیکھنے پہنچے بلکہ اس کے ساتھ سیلفیاں لیتے اور عقیدت سے اس کی تعریف کرتے نظر آئے۔
اگرچہ ایسی شان و شوکت اور رنگا رنگ تقریبات عوام کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں تاہم علمائے کرام یاد دہانی کراتے ہیں کہ قربانی کا اصل جذبہ تقویٰ اور اللہ کی رضا کا حصول ہے۔
اخلاص اور نیت کے ساتھ دی گئی قربانی، خواہ وہ کسی بھی قیمت کی ہو، اللہ تعالیٰ کے دربار میں سب سے افضل سمجھی جاتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








