راولپنڈی: بھارت میں علاج سے انکار کے بعد واپس بھیجے گئے نو سالہ عبداللہ کی راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کی گئی ہے، عبداللہ پیدائشی دل کے عارضے میں مبتلا تھا اور طویل انتظار اور مایوسی کے بعد بالآخر پاکستان میں ہی علاج ممکن ہو سکا۔
عبداللہ کے والد شاہد علی کے مطابق آپریشن بخیر و خوبی مکمل ہوا اور بچہ اب روبہ صحت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عبداللہ کی سات سالہ بہن منسا جو دل کی بیماری میں مبتلا ہے، اسکی اینجیو پلاسٹی بھی کامیابی سے کی گئی ہے جبکہ بچی کی اوپن ہارٹ سرجری چھ ماہ بعد شیڈول کی گئی ہے۔
شاہد علی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف، وفاقی وزیر صحت، اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے بچوں کا علاج ممکن ہوا۔
یہ دونوں بہن بھائی دل کے مرض کے علاج کے لیے بھارت گئے تھے تاہم پہلگام دہشتگرد حملے کے بعد بھارتی حکام نے انسانیت سوز رویہ اختیار کرتے ہوئے طبی بنیادوں پر علاج دینے سے انکار کیا اور بچوں کو بغیر کسی طبی امداد کے واپس بھیج دیا۔ اس اقدام پر عالمی سطح پر انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تنقید کی گئی۔
بچوں کی وطن واپسی کے بعد پاکستانی حکومت نے بالخصوص فوجی اور صحت کے اداروں نے فوری اقدامات کرتے ہوئے ان کے علاج کو یقینی بنایا اور یہ ثابت کیا کہ ملک میں بھی اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








