گرمی سے پریشان عوام کیلئے خوشخبری! آج سے پاکستان کے کون کون سے شہروں میں بارشیں شروع؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Thunderstorms likely across Pakistan from May 27
ONLINE/FILE

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 27 مئی بروز منگل کی رات سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے جو موجودہ شدید گرمی کی لہر میں نمایاں کمی لائے گا۔

یہ سسٹم شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر میں داخل ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق یہ بارشیں ہفتے بھر جاری رہیں گی اور شمالی و وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گردونواح کے ساتھ ساتھ پنجاب کے اضلاع جیسے گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، بہاولپور، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں بھی بارش متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے پہاڑی و میدانی علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں بھی آندھی اور بارش کے سلسلے جاری رہیں گے۔ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں ژوب، زیارت، بارکھان، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ساہیوال بھی اس سسٹم کے زیر اثر آئیں گے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ژالہ باری اور تیز آندھیاں شمسی پینلز، بجلی کے کھمبوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔

اس کے پیش نظر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور ہنگامی حالات کے لیے بھاری و ہلکی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام محکموں بشمول صحت، تعلیم، تعمیرات، مواصلات، آبپاشی اور لائیو اسٹاک کو چوکنا رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سیاحوں اور مسافروں، خاص طور پر مری، گلیات اور شمالی خیبر پختونخوا جانے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال معلوم کریں اور لینڈ سلائیڈنگ یا طغیانی والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ گرج چمک کے دوران گھروں میں رہیں، گاڑیاں درختوں یا بجلی کی تاروں کے نیچے نہ کھڑی کریں اور ہنگامی حالات کے لیے ابتدائی طبی امداد کا سامان اپنے پاس رکھیں۔

Related Posts