پاکستان میں حج سے قبل زائرین کو سعودی عرب لے جانے والا فضائی آپریشن آج یعنی ہفتے کے روز اختتام پذیر ہو جائے گا۔
سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمٰن نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت اب تک 87 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ نجی اسکیم کے تحت 21984 عازمین حج پہنچے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے روز اسلام آباد، کراچی اور لاہور سے مزید پانچ پروازیں سرکاری اسکیم کے تحت باقی ماندہ عازمین کو سعودی عرب لے کر روانہ ہوں گی۔
ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے اس سال ایامِ مشاعر کے دوران اللہ کے مہمانوں کے لیے کیے گئے تاریخی انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس بار روایتی بستر کی جگہ صوفہ نما بستروں کا بندوبست کیا گیا ہے۔
ایئر کولرز کے ساتھ ایئر کنڈیشنر بھی نصب کیے گئے ہیں اور سامان رکھنے کے لیے بلند ریکس اور جوتوں کے لیے الگ ریک متعارف کروائے گئے ہیں تاکہ حجاج کو زیادہ سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر حاجی کو ایک بامقصد، روحانی اور آرام دہ تجربہ فراہم کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری مذہبی امور نے حجاج کرام سے اپیل کی کہ وہ دورانِ حج سعودی عرب کے قوانین پر سختی سے عمل کریں کیونکہ یہ قوانین حج کے انتظامات کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں اور اس عمل سے پاکستان کے قومی وقار کی نمائندگی بھی ہوتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








