محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کے زیادہ تر حصوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے بعض حصوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، پشاور اور دیگر مقامات پر گرد آلود آندھیاں، تیز ہوائیں اور چھوٹے پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح پنجاب کے شمالی علاقے جن میں راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور مری شامل ہیں، وہاں جزوی طور پر ابر آلود موسم، تیز ہوائیں اور بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب وسطی اور جنوبی پنجاب میں موسم نہایت گرم اور خشک رہے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی شدت اور ممکنہ طوفانوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








