اداکارہ کم کارڈیشین نے حال ہی میں ایک پرانی یاد تازہ کرنے کی کوشش کی مگر یہ سادہ سی کوشش سوشل میڈیا پر ایک نیا طوفان لے آئی۔
مشہور ریئلٹی اسٹار اور کاروباری شخصیت کم کارڈیشین جن کی عمر اب 44 برس ہے، انہوں نے انسٹاگرام پر 1993 کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ مسکرا رہی ہیں اور ہاتھ میں ناخن صاف کرنے والا برش تھامے ہوئے ہیں۔
یہ تصویر اُن کی بچپن کی قریبی دوست مرحومہ لنڈسے مے کی یاد میں پوسٹ کی گئی تھی۔ تصویر کے ساتھ مختصر الفاظ میں بس یہی لکھا گیا: “1993 لِنڈز” لیکن یہ یادگار لمحہ لوگوں کو صرف ماضی کی یاد میں لے جانے کے بجائے اُن الزامات کی یاد دلا گیا جو برسوں سے کم کارڈیشین کے حسن میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے زیرِ بحث رہے ہیں۔
کئی مداحوں نے اس پرانی تصویر میں اُن کی قدرتی خوبصورتی کی تعریف کی، جبکہ کچھ نے آج کے چہرے سے موازنہ کرتے ہوئے واضح فرق کی جانب توجہ دلائی۔
کسی نے کہا، “پہلے کتنی خوبصورت تھیں، اب چہرہ مکمل بدل چکا ہے۔”ایک اور صارف نے لکھا، “قدرتی صورت میں کہیں زیادہ پرکشش لگتی تھیں۔” کسی نے طنز کرتے ہوئے کہا، “پورا خاندان ہی اب پہچانا نہیں جاتا۔”
یہ پہلا موقع نہیں جب کم کارڈیشین کو ایسی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل دسمبر 2024 میں بھی اُن کی ایک پرانی تصویر پر مداحوں نے ملتے جلتے تاثرات ظاہر کیے تھے۔
اگرچہ کم کارڈیشین اور اُن کا خاندان وقتاً فوقتاً کچھ خوبصورتی کے معمولی طریقوں کا اعتراف کرتے رہے ہیں، جیسے چہرے کی جھریوں کے علاج، ناک کی بناوٹ میں تبدیلی، یا جسمانی خوبصورتی میں اضافہ لیکن ان کی مجموعی تبدیلیاں اکثر قیاس آرائیوں اور چہ مگوئیوں کی زد میں رہتی ہیں۔
حال ہی میں کم کارڈیشین کی والدہ کرس جینر نے بھی کھلے عام تسلیم کیا کہ وہ ظاہری خوبصورتی کے لیے مختلف تبدیلیوں سے گزری ہیں جس کے بعد یہ بحث مزید شدت اختیار کر گئی کہ یہ خاندان ہر قیمت پر جوان نظر آنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
کم کارڈیشین خود ایسے موضوعات پر عموماً خاموش رہتی ہیں البتہ 2022 میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا تھا، “میرے لیے خوبصورت نظر آنا واقعی بہت اہم ہے۔”
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








