پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کا آغاز غیر معمولی تیزی کے ساتھ ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کے پُر اعتماد رویے نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں کی جانب دھکیل دیا۔
دن کے آغاز میں ہی 100 انڈیکس میں 1,233 پوائنٹس کا تیز رفتار اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 1,25,585 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ مثبت رجحان کچھ وقت تک برقرار رہا اور دن کے دوران انڈیکس نے مزید بہتری کے ساتھ 1,675 پوائنٹس کا مجموعی اضافہ سمیٹا، جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح 1,26,028 پوائنٹس تک پہنچ گئی۔
دن کے اختتام سے قبل مارکیٹ کا موڈ تبدیل ہوا اور تیزی کا زور ٹوٹنے لگا۔ اختتامی لمحات میں فروخت کا دباؤ بڑھا جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 259 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,24,093 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 1.02 ارب شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی، جس کی مالیت 50.5 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 42 ارب روپے کی کمی دیکھی گئی، اور یہ 1,49,051 ارب روپے کی سطح پر آ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ نے 2,328 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے ساتھ 1,24,352 پوائنٹس پر بند ہو کر بلند ترین اختتامی سطح کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کی جانب سے ممکنہ مالی استحکام، آئی ایم ایف مذاکرات میں پیش رفت، اور بجٹ سے جڑی توقعات نے مارکیٹ کے اعتماد کو تقویت دی ہے، مگر تیزی کے بعد منافع کے حصول کے لیے فروخت کا رجحان بھی معمول کا حصہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








