خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے جا رہی ہے؟ حکومتی ترجمان نے سیاسی دھماکا کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

خیبر پختونخوا کی سیاسی فضا ایک بار پھر گہما گہمی کا شکار ہو گئی ہے، جہاں حکومتی ترجمان بیرسٹر سیف کے حیران کن اور دوٹوک بیانات نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ان کے مطابق، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اسمبلی تحلیل کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے اور وہ جب چاہیں یہ تاریخی فیصلہ لے سکتے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ عمران خان کی مشاورت کے بغیر نہ تو بجٹ پاس ہوگا، نہ ہی کوئی فیصلہ قابلِ قبول ہوگا۔ اُن کے بقول، عوام نے ووٹ کسی فرد کو نہیں بلکہ ایک نظریے کو دیا ہے اور وہ نظریہ عمران خان سے جُڑا ہے۔ اس لیے خیبر پختونخوا کا بجٹ بھی اُسی نظریاتی رہنمائی کے تابع ہو گا۔

انہوں نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے مرکزی حکومت پر کاری وار کیا اور خبردار کیا کہ اگر ایمرجنسی جیسے کسی غیر آئینی اقدام کی کوشش کی گئی تو جعلی حکومت ایک دن بھی نہیں ٹک پائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب بیدار ہیں اور اپنے ووٹ کی توہین ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں حکومت فارم 45 کی بنیاد پر قائم ہے جبکہ باقی ملک میں جعلی مینار یعنی فارم 47 پر کھڑی حکومتیں کسی بھی وقت زمیں بوس ہو سکتی ہیں۔ اُن کے بقول، ان حکومتوں کو گرانے کے لیے “صرف ایک دھکا” ہی کافی ہے۔

یہ بیانات ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں جب ملک میں سیاسی غیر یقینی کی فضا گہری ہو چکی ہے، اور کسی بھی لمحے کوئی بڑا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔

Related Posts