موبائل فون اور بیٹری کی لائف بڑھانے کیلئے یہ مفید طریقے اپنائیں

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ٹریبیون

کیا آپ بھی اکثر یہ سوچتے ہیں کہ فون چارج کرنے کے بعد پہلے چارجر کو وال آؤٹ لیٹ سے نکالنا چاہیے یا فون کو چارجر سے؟ اگرچہ یہ ایک معمولی سی بات لگتی ہے، مگر درست انتخاب آپ کے فون اور چارجر کو نقصان سے بچا سکتا ہے اور ان کی عمر بڑھا سکتا ہے۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک معروف ٹیکنالوجی کمپنی کے ماہر نے مشورہ دیا ہے کہ ہمیشہ پہلے چارجر کو بجلی کے سوئچ/ساکٹ) سے نکالیں، اس کے بعد فون کو چارجر سے الگ کریں۔

اسے یوں سمجھیں کہ اگر آپ پہلے چارجر کو ساکٹ سے نکالنے کی عادت اپناتے ہیں تو یہ نہ صرف آپ کے فون بلکہ چارجر کو بھی نقصان سے بچا سکتا ہے، خاص طور پر اگر آپ گیلی انگلیوں سے فون نکال رہے ہوں۔

خصوصی مشورے:

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق موبائل فون کی بیٹری کی حفاظت کرنے سے نہ صرف بیٹری بلکہ پورے ڈیوائس کی عمر بڑھائی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں:

  • اپنے موبائل فون کو 100 فیصد تک چارج کرنے سے گریز کریں اور اسے مکمل 0 فیصد تک ڈسچارج بھی نہ ہونے دیں۔ ایسا کرنا بیٹری کی عمر کو کم کرتا ہے۔ لیتھیئم آئن بیٹریاں بہترین کارکردگی اس وقت دیتی ہیں جب انہیں 20 فیصد سے 80 فیصد کے درمیان چارج رکھا جائے۔

  • ہمیشہ اصلی اور کمپنی کی طرف سے تصدیق شدہ چارجر استعمال کریں۔ سستے اور غیر معیاری چارجر اگرچہ بظاہر سستے لگتے ہیں، لیکن وہ فون کی بیٹری کو گرم کر سکتے ہیں اور نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیشہ مستند اور اصل چارجر کا استعمال کریں۔

  • فون کو پوری رات یا طویل وقت تک چارج کرنے کی عادت سے پرہیز کریں۔ زیادہ چارجنگ بیٹری کو گرم کر دیتی ہے، جو نقصان دہ ہے۔ اسی طرح فون کو براہِ راست دھوپ سے بچائیں اور چارجنگ کے دوران استعمال نہ کریں کیونکہ اضافی گرمی بیٹری کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

  • جب لوکیشن، بلوٹوتھ یا وائی فائی استعمال نہ کر رہے ہوں تو انہیں بند کر دیں، کیونکہ یہ بیٹری کو پسِ منظر میں بھی استعمال کرتے رہتے ہیں۔ بیٹری کی کارکردگی بڑھانے کے لیے بیٹری سیور موڈ کو فعال کریں۔ یہ آسان سیٹنگز بیٹری پر دباؤ کم کرتی ہیں۔

  • آخر میں یہ یاد رکھیں کہ اکثر لوگ فون چارج کرنے کے بعد بھی چارجر کو ساکٹ میں لگا چھوڑ دیتے ہیں، یہ سمجھتے ہوئے کہ اس سے کوئی خطرہ نہیں۔ لیکن یہ معمولی سی لاپرواہی بجلی کے بل میں اضافے، اوور ہیٹنگ، یا حتیٰ کہ شارٹ سرکٹ جیسے خطرناک نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔

ان آسان ہدایات پر عمل کرکے آپ اپنے فون، بیٹری اور چارجر کی عمر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

Related Posts