سابق وزیرِاعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سیاسی منظرنامے پر ایک چونکا دینے والا تبصرہ کر دیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان کی سیاست میں “مائنس عمران خان” فارمولا عملی طور پر نافذ ہو چکا ہے۔
صحافی کے سوال “کیا مائنس عمران خان ہوچکا ہے؟ عمران خان نے تو کہا تھا کہ ان کی منظوری کے بغیر کچھ نہیں ہوگا؟ کے جواب میں علیمہ خان نے مختصر مگر بھرپور انداز میں کہا کہ میرا خیال ہے مائنس عمران خان ہی ہوگیا ہے۔
ایک اور سوال پر جب علیمہ خان سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کے اس بیان پر رائے مانگی گئی کہ “ہم علی امین گنڈاپور کو ناں نہیں کہہ سکتے، وہ بہت طاقتور ہیں” تو علیمہ خان کا دو ٹوک جواب تھا کہ بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں۔
علیمہ خان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر ہی صوبائی بجٹ منظور کر لیا۔
بانی تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان کا یہ بیان پارٹی کے اندرونی اختلافات، طاقت کی نئی صف بندی، اور مرکز سے دوری کے رجحان کو مزید واضح کرتا ہے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ رات نئے مالی سال کا بجٹ بانی چیئرمین سے ملاقات کے بغیر ہی منظور کر لیا۔ وزیرِ اعلیٰ گنڈاپور نے اپنی بجٹ تقریر میں وضاحت کی تھی کہ جب بھی عمران خان سے ملاقات ہوگی، ان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ علیمہ خان کا بیان محض ایک ذاتی رائے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے اندر موجود بےچینی اور نئی قیادت کے ابھرنے کا غماز ہے۔ بعض مبصرین اسے نئی پی ٹی آئی اور پرانے نظریے کے درمیان کھچاؤ کی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








