بھارتی فلم انڈسٹری کی تنظیم ‘فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز (FWICE)’ نے پاکستانی اداکارہ ہانیا عامر کو فلم ‘سردار جی 3’ میں کاسٹ کرنے پر سخت ردعمل دیا ہے۔
تنظیم نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ فلم کی بھارت میں نمائش بند کی جائے اور فلم سے جڑے افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں۔
تنظیم نے فلم کے مرکزی اداکار دلجیت دوسانجھ، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹر پر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کی توہین کا الزام عائد کیا ہے۔ ہانیا عامر کو اینٹی انڈیا پروپیگنڈا پھیلانے والی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ پاکستان کے حق میں بیانات دے چکی ہیں۔
تنظیم نے مزید کہا ہے کہ فلم میں شامل افراد نے بھارت، اس کی سینما انڈسٹری اور شہداء کے خاندانوں کی توہین کی ہے، لہٰذا ان کی بھارتی شہریت کے تمام حقوق واپس لیے جائیں۔ اس کے علاوہ فلمی اداروں، پروڈیوسر ایسوسی ایشنز، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور نمائش کنندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ اور ان کی ٹیم سے تمام تعلقات ختم کر دیں۔
اس کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے فلم کا ٹریلر انسٹاگرام پر جاری کر دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ فلم 27 جون کو بیرون ملک ریلیز ہوگی۔ یہ تنازعہ مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں دہشتگرد حملے کے بعد شدت اختیار کر گیا ہے۔ ابھی تک ہانیا عامر یا دلجیت دوسانجھ کی طرف سے کوئی باضابطہ جواب نہیں آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








