ثنا یوسف کے قاتل نے اعتراف جرم کرلیا، قتل کی اصل وجوہات سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو الجزیرہ

اسلام آباد میں اپنے ہی گھر میں قتل کی جانے والی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے ملزم عمر حیات نے اعتراف جرم کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم عمر حیات نے مجسٹریٹ سعد نذیر کے سامنے 164 کا بیان رکارڈ کرا دیا۔ ملزم نے بیان دیا کہ ثناء یوسف کے ملاقات سے انکار پر اسے قتل کیا، پہلی مرتبہ ملاقات کے لیے بلایا، سارا دن انتظار کیا، اس کے بعد ثناء یوسف نے مجھے واپس جانے کو کہا۔

ملزم عمر حیات نے بتایا کہ میں ثناء یوسف کی برتھ ڈے پر تحفہ لایا جو اس نے نہیں لیا، 2 جون کو ثناء یوسف نے دوبارہ ملاقات کے لیے بلایا لیکن نہیں ملی، مجھے ثناء یوسف کے ملاقات نہ کرنے پر سخت رنج تھا، میں نے غصے میں آکر ثنا یوسف کو اس کے گھر جاکر قتل کردیا۔

واضح رہے کہ ملزم عمر حیات نے 3 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو اسلام آباد میں گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا جبکہ ملزم کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم نے دوستی سے انکار پر ثنا کو قتل کیا تھا، گزشتہ روز اسلام آباد کی ایک عدالت نے مبینہ قاتل عمر حیات کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کر دی تھی۔

17 سالہ ٹک ٹاکر اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے مشہور تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز تھے۔

Related Posts