اہلیہ کے افیئرز پر کیسا لگتا ہے! کیٹ اربن نکول کڈمین سے متعلق غیر مناسب سوال پر ناراض

تازہ ترین

تازہ ترین

Keith Urban reacts to ‘uncomfortable’ question about wife Nicole Kidman
Fox News

سڈنی: معروف آسٹریلوی گلوکار اور گریمی ایوارڈ یافتہ فنکار کیٹ اربن نے ایک براہ راست ریڈیو انٹرویو اس وقت درمیان میں چھوڑ دیا جب ان سے ان کی اہلیہ، معروف ہالی ووڈ اداکارہ نکول کڈمین کے فلمی کردار سے متعلق ایک ذاتی نوعیت کا سوال پوچھا گیا۔

57 سالہ کیٹ اربن جن کی شادی نکول کڈمین سے 2006 میں ہوئی، آسٹریلیا کے ریڈیو اسٹیشن مکس 102پوائنٹ 3 کے مارننگ شو ہیلی اینڈ میکس ان دی مارننگ میں بطور مہمان شریک تھے۔ شو کے دوران وال آف ٹروتھ کے عنوان سے ایک کھیل کھیلا جا رہا تھا جس میں مہمان سے نجی سوالات کیے جاتے ہیں۔

میزبان ہیلی پیئرسن نے پروگرام کے دوران کہا کہ ہم اکثر اپنے مہمانوں سے کچھ ذاتی سوالات کرتے ہیں، جو شاید ان کے لیے قدرے غیر آرام دہ ہوں۔

ابتدا میں کیٹ اربن نے شو کے ہلکے پھلکے انداز پر خوشگوار ردعمل دیا تاہم جیسے ہی شریک میزبان میکس برفورڈ نے نکول کڈمین کی حالیہ فلم اے فیملی افیئر کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب آپ اپنی اہلیہ کو زیک ایفرون جیسے نوجوان اداکاروں کے ساتھ رومانوی مناظر میں دیکھتے ہیں، تو آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟تو فضا ایک دم سنجیدہ ہو گئی۔

اس سوال کے بعد اسٹوڈیو میں خاموشی چھا گئی اور کچھ ہی لمحوں بعد معلوم ہوا کہ کیٹ اربن نے زوم کال منقطع کر دی ہے۔

پروڈیوسر کی آواز میں سنا گیا کہ وہ ڈسکنیکٹ ہو چکے ہیں۔ شاید ان کی ٹیم نے کال ختم کی تاکہ اس سوال سے بچا جا سکے۔

ہیلی پیئرسن نے فوری ردعمل میں کہا کہ جی، یہی ہوا ہے، وہ چلے گئے ہیں۔ ہمیں اندازہ تھا کہ یہ سوال ان کے لیے ناپسندیدہ ہوگا۔

یاد رہے کہ کیٹ اربن اور نکول کڈمین گزشتہ 19 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں۔ ان کی دو بیٹیاں، سنڈے روز اور فیتھ ہیں جبکہ نکول کو اپنے سابق شوہر ٹام کروز سے دو بچے، بیلا اور کونر بھی ہیں۔

اگرچہ یہ جوڑا اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا سے دور رکھنے کے لیے معروف ہے تاہم حال ہی میں نکول نے انسٹاگرام پر ایک محبت بھرا پیغام شیئر کیا جس میں شادی کی سالگرہ پر لکھا کہ ہیپی اینیورسری بیبی ۔اس پیغام کے ساتھ دونوں کی ایک خوبصورت تصویر بھی شامل تھی۔

نکول کڈمین حالیہ برسوں میں متعدد معروف فلموں اور سیریز میں جلوہ گر ہوئی ہیں، جن میں دی پرفیکٹ کپل، اسپیل باؤنڈ، اور اے فیملی افیئر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے رواں برس بیبی گرل نامی ایراتک تھرلر میں مرکزی کردار ادا کیا، جس میں ان کے ساتھ اداکار ہیرس ڈکنسن بھی شامل تھے۔

ایک انٹرویو میں نکول کڈمین نے اعتراف کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران بعض جذباتی اور جسمانی مناظر نے انہیں ذہنی تھکن (برن آؤٹ) کا شکار کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے لمحات بھی آئے جب میں نے کہاکہ بس! اب مزید کوئی قربت کا سین نہیں چاہیے۔ مجھے پرواہ نہیں اگر میں کبھی دوبارہ چھوئی بھی نہ جاؤں۔

Related Posts