ہالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن کی دولت 2025 میں تقریباً 165ملین امریکی ڈالر تک جا پہنچی ہے جو انہیں دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شامل کرتی ہے۔
یہ دولت نہ صرف ان کی فلمی کامیابیوں کا نتیجہ ہے بلکہ اشتہارات، سرمایہ کاری اور ذاتی جدوجہد سے حاصل کی گئی ایک طویل کہانی بھی ہے۔
اسکارلٹ جوہانسن نے 22 نومبر 1984 کو نیویارک شہر میں آنکھ کھولی۔ بچپن ہی سے اداکاری کا شوق رکھنے والی اسکارلٹ نے لی اسٹراسبرگ تھیٹر انسٹیٹیوٹ اور پروفیشنل چلڈرن اسکول سے تربیت حاصل کی۔
1994 میں فلم نارتھ سے کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی دی ہارس وسپرر (1998) اور گوسٹ ورلڈ (2001) جیسے کرداروں سے اپنی شناخت بنائی تاہم 2003 کی فلم لاسٹ ان ٹرانسلیشن نے ان کی شہرت کو بلندیوں پر پہنچایا اور انہیں بہترین اداکارہ کا بفیٹا ایوارڈ بھی ملا۔
اسکارلٹ جوہانسن کی اصل عالمی شہرت اس وقت قائم ہوئی جب وہ 2010 میں آئرن مین 2 میں بلیک وِڈو کے کردار میں جلوہ گر ہوئیں۔
اس کے بعد ایوینجرز، کیپٹن امریکا اور دیگر مارول فلموں میں ان کی مسلسل موجودگی نے انہیں دنیا کی سب سے کامیاب اداکاراؤں میں لا کھڑا کیا۔ 2021 کی فلم بلیک وِڈو نے کمرشل کامیابی حاصل کی، اگرچہ اس کی ریلیز حکمت عملی پر کچھ تنازعات بھی سامنے آئے۔
مارول کے علاوہ بھی اسکارلٹ نے کئی تنقیدی طور پر کامیاب فلموں میں اداکاری کی، جیسے گرل وِد اے پرل ایئرنگ ، میچ پوائنٹ ، وی کی کرسٹینا بارسلونا، میریج اسٹوری اور جوجو ریبٹ۔
ان میں سے دو فلموں پر انہیں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی ملی۔ وہ اپنی آواز کے ذریعے بھی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں جن میں ہر جنگل بک اور سنگ 2 شامل ہیں۔ 2023 میں انہوں نے فلم ایسٹروئیڈ سٹی میں میج کیمبل کا کردار ادا کیا۔
اسکارلٹ جوہانسن کی آمدنی بھی ان کی شہرت کے عین مطابق ہے۔ صرف 2018 سے 2019 کے درمیان انہوں نے 55 ملین ڈالر کمائے۔ مارول کی فلموں سے انہیں اندازاً 60 سے 75 ملین ڈالر کا منافع ہوا۔
آئرن مین 2 کے لیے انہوں نے چار لاکھ ڈالر حاصل کیے جبکہ ایوینجرزاینڈ گیم اور بلیک وِڈو جیسی فلموں سے ان کی کمائی کروڑوں میں پہنچی۔ اشتہارات کے ذریعے بھی وہ سالانہ دس سے بیس ملین ڈالر تک کماتی رہی ہیں۔
2021 میں انہوں نے ڈزنی کے خلاف ایک تاریخی مقدمہ دائر کیا، جب ان کی فلم بلیک وِڈو کو سینما گھروں کے ساتھ ساتھ آن لائن پلیٹ فارم پر بھی ریلیز کیا گیا، جس سے ان کے بونس کا بڑا حصہ متاثر ہوا۔ مقدمہ تو بعد میں طے پا گیا، مگر اس نے فلمی صنعت میں معاوضوں اور ریلیز کے طریقوں پر نئی بحث چھیڑ دی۔
اسکرین کے علاوہ اسکارلٹ جوہانسن نے تھیٹر میں بھی کامیابی حاصل کی اور اے ویو فرام دی برج میں اداکاری پر ٹونی ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے موسیقی میں بھی قدم رکھا اور دو البمز ریلیز کیے۔
انہوں نے رئیل اسٹیٹ میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی، جن میں نیویارک، لاس اینجلس، اور دیگر شہروں میں قیمتی جائیدادیں شامل ہیں۔
ذاتی زندگی میں بھی وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔ انہوں نے اداکار ریان رینولڈز اور رومن ڈیوریاک سے شادیاں کیں اور ایک بیٹی کی ماں ہیں۔ 2020 میں انہوں نے مزاحیہ اداکار کولن جوست سے شادی کی اور 2021 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








