لاس اینجلس / ممبئی: معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کو ہالی ووڈ کے مشہور واک آف فیم پر اسٹار سے نوازا گیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ موشن پکچرز کیٹیگری میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی بھارتی شخصیت بن گئی ہیں۔
یہ اعلان ہالی ووڈ چیمبر آف کامرس کی جانب سے ایک عالمی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے کیا گیا جو نہ صرف دپیکا کے کیریئر کی عالمی سطح پر توثیق ہے بلکہ بھارت کی عالمی ثقافتی موجودگی کے اعتراف کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
دپیکا کو اس سال جن عالمی فنکاروں کے ساتھ اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں ایملی بلنٹ، ٹموتھی شالامے، رامی ملک، ریچل میک ایڈمز، اسٹینلی ٹوچی اور ڈیمی مور جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
دپیکا پڈوکون نے اپنے لگ بھگ بیس سالہ کیریئر میں بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے درمیان کامیابی سے فنی پُل قائم کیا ہے۔ وہ ایک ایسی جنوبی ایشیائی فنکارہ کے طور پر ابھری ہیں جنہوں نے نہ صرف بھارتی فلموں میں کامیابیاں سمیٹیں بلکہ بین الاقوامی پروجیکٹس میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
یہ اعزاز دپیکا کی ان بے شمار کامیابیوں میں ایک اور روشن ستارہ ہے۔ یاد رہے کہ 2018 میں وہ ٹائم میگزین کی دنیا کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل ہوئیں اور بعد ازاں ٹائم 100امپیکٹ ایوارڈ بھی حاصل کیا جس سے ان کی عالمی سطح پر اثر پذیری مزید مستحکم ہوئی۔
واک آف فیم پر ان کا شامل کیا جانا نہ صرف دپیکا کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ بھارت کے آرٹس، ثقافت اور فلمی صنعت کی عالمی شناخت میں اضافے کی علامت بھی ہے۔
وہ اس سے قبل 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹرافی کی نقاب کشائی کرنے والی پہلی بھارتی شخصیت بنی تھیں اور بعد ازاں لوئی وٹون اور کارٹیئر جیسی عالمی لگژری برانڈز کی پہلی بھارتی برانڈ ایمبیسیڈر بھی مقرر ہوئیں۔
بین الاقوامی کامیابیوں کے باوجود دپیکا بھارتی سینما میں بھی اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ان کی آنے والی فلموں میں معروف ہدایتکار ایٹلی کی فلم شامل ہے جس میں وہ جنوبی ہند کے اسٹار اللو ارجن کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی جبکہ ان کے دیگر متوقع پروجیکٹس میں شاہ رخ خان اور سہانہ خان کے ساتھ فلم کنگ کا ذکر بھی ہو رہا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق تاحال باقی ہے۔
دپیکا پڈوکون کا یہ اعزاز نہ صرف ان کی فنی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ یہ جنوبی ایشیائی خواتین کے لیے عالمی سطح پر ایک نئی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








