گلوکارہ جینیفر لوپیز نے اپنے چند منتخب مداحوں کے لیے ایک خفیہ تقریب میں چھ نئے گانوں کی رونمائی کر کے سب کو حیران کر دیا۔
یہ خاص موسیقی کی محفل صرف لاس اینجلس میں مقیم 30 مداحوں کے لیے منعقد کی گئی تھی جہاں انہیں جینیفر کے تازہ ترین تخلیقی کام کو سب سے پہلے سننے کا موقع ملا۔
اس نجی تقریب میں پانچ توانائی سے بھرپور گانے پیش کیے گئے جن کے عنوانات اپ آل نائٹ، ریگولر ،فری ، سیو می ٹونائٹ اور برتھ ڈے جبکہ چھٹا گانا ایک انتہائی ذاتی اور جذباتی نغمہ تھا جس کا عنوان تھا، ریکج آف یو ۔
تقریب میں موجود افراد کے مطابق 55 سالہ گلوکارہ نے اس نغمے کو ایک سچا احساس قرار دیا جو انہوں نے صرف دو ہفتے قبل خود لکھا۔ یہ نغمہ آزمائش کے بعد کے حوصلے اور جذباتی مضبوطی کا اظہار کرتا ہے۔
یاد رہے کہ جینیفر لوپیز نے گزشتہ برس اداکار بین ایفلیک سے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ اس نغمے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ ریکج کا لفظ ان کے ذہن میں بار بار گونجتا رہا۔ انہوں نے کہا یہ لفظ تباہی کی علامت ہے، لیکن میں تباہ نہیں ہوئی۔
محبت اور شکرگزاری کے اظہار کے طور پر جینیفر نے تمام مدعو مہمانوں کو نئے سال کی شب ہونے والے اپنے خصوصی شو اپ آل نائٹ کی دو، دو مفت ٹکٹیں تحفے میں دیں، اس کے علاوہ ہر ایک کو خصوصی تحفے کے تھیلے بھی دیے گئے جن میں ان کا دستخط شدہ سامان، یادگاری پوسٹرز اور ان کی بیوٹی مصنوعات شامل تھیں۔
یہ تقریب اس بات کا پیش خیمہ تھی کہ جینیفر لوپیز رواں برس 30 دسمبر سے لاس ویگاس کے سیزرز پیلس کے کولوسیم میں اپنی مستقل موسیقی پیشکش کا آغاز کر رہی ہیں۔
مزید برآں انہوں نے یورپ اور مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے نئے عالمی دورے کا اعلان بھی کر دیا ہے، جو 8 جولائی کو اسپین سے شروع ہوگا اور اٹلی، ترکی، پولینڈ، مصر اور قازقستان جیسے ممالک میں جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








