عوام تیاری کرلیں! 9 اور 10 محرم کو شدید بارش اور طوفان کی پیشگوئی، الرٹ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

Arabian Sea Cyclone 'Shakhti' weakens into cyclonic storm
FILE PHOTO

لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے 9اور 10محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں شدید مون سون بارشوں اور آندھی طوفان کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہنگامی موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ شدید بارشیں 5 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے جو جنوبی اور وسطی پنجاب کے کئی اضلاع کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ممکنہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں مقامی آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل چوکنا رہیں اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی نے محرم کے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کو تلقین کی ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر سیکورٹی اور سیفٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ خستہ حال چھتوں پر اجتماع سے پرہیز کیا جائے اور بجلی کے کھمبوں و تاروں سے دور رہا جائے تاکہ کسی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے دریاؤں اور برساتی نالوں کے کنارے رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ خصوصاً ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر یکم محرم تا 10 محرم (27 جون تا 6 جولائی) کے دوران صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران صرف پہلے سے منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کو ہی اجازت ہوگی۔ کسی نئے جلوس یا مذہبی اجتماع کی اجازت مجاز اتھارٹی سے پیشگی اجازت کے بغیر نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 11 بچے شامل ہیں جبکہ 24 گھنٹوں میں بارشوں سے متعلقہ واقعات میں 57 افراد زخمی ہوئے۔

Related Posts