سیاحت اور تجارتی روابط کافروغ، پاکستان اور عمان کے درمیان فیری سروس شروع کرنے پر غور

تازہ ترین

تازہ ترین

Ferry service between Pakistan and Oman under consideration to promote tourism
representative image

اسلام آباد: پاکستان اور عمان کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک نے دو طرفہ روابط میں اضافے پر اتفاق کیا ہے جس میں سیاحت، تجارت اور رابطوں کو بہتر بنانے کیلئے براہ راست فیری سروس کے آغاز کی تجویز بھی شامل ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور پاکستان میں عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے سمندری تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیاجس میں سمندری مہارتوں کا تبادلہ، بندرگاہی ڈھانچے کو بہتر بنانا، اور بحری راستوں کو مزید مؤثر بنانا شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان طویل سفارتی، ثقافتی اور معاشی تعلقات کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2024 میں پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے عمان کو برآمدات کا حجم تقریباً 224 ملین ڈالر رہا اور زور دیا کہ باہمی اقدامات کے ذریعے اس تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے جن میں گوادر سے عمان تک فیری سروس کا آغاز بھی شامل ہے۔

انہوں نے فیری سروس کو معاشی لحاظ سے انتہائی فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے عمان تک براہ راست رابطے سے نہ صرف تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کو ٹرانزٹ آمدن کی مد میں سالانہ 10 سے 15 ارب ڈالر تک کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے عمان پر زور دیا کہ فیری سروس کے آغاز میں جلد پیش رفت کے لیے تعاون کرے تاکہ نہ صرف تجارتی اور لاجسٹک روابط کو سہولت فراہم کی جا سکے بلکہ علاقائی سیاحت، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط کو بھی فروغ دیا جا سکے۔

عمان کے سفیر نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور عمان کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تعلقات کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان آج بھی عمان میں بڑے پیمانے پر سمجھی اور بولی جاتی ہے جو دونوں اقوام کے تاریخی و سماجی روابط کا ثبوت ہے۔

سفیر نے پاکستان کی افرادی قوت کے عمان کی ترقی میں مثبت کردار کو سراہا اور تجویز دی کہ تجارتی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر روابط کو مزید بڑھایا جائے۔

Related Posts