وزیربلدیات سعید غنی کا لیاری میں عمارت گرنے کا نوٹس، متعلقہ بلڈنگ افسران معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

Saeed Ghani Takes Notice of Lyari Building Collapse, Suspends Relevant SBCA Officials
FILE PHOTO

لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیر بلدیات نے واقعے کے فوراً بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرکے ریسکیو کارروائیوں کو تیز سے تیز کرنے کی ہدایت دی۔ سعید غنی نے واضح کیا کہ ہماری اولین ترجیح عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی فوری اور محفوظ بازیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمارت کے اطراف موجود تمام رکاوٹوں کو فی الفور ہٹایا جائے تاکہ ریسکیو آپریشن بلا تاخیر مکمل کیا جا سکے۔ ریسکیو ٹیموں، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بھاری مشینری، کرینز اور دیگر وسائل کو بروئے کار لا کر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔

سعید غنی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی براہ راست نگرانی کا حکم دیا اور یہ بھی کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

ترجمان وزیر بلدیات کے مطابق سعید غنی نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے جو تین دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

 

کمیٹی کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذمہ داریوں میں غفلت برتنے والے افسران کی نشاندہی کرے اور ملبے میں دبنے یا جانی نقصان کے اسباب کا مکمل جائزہ لے۔

وزیر بلدیات نے ابتدائی طور پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں تاکہ شفاف تحقیقات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

سعید غنی نے اعلان کیا کہ اگر کوئی تعمیراتی کوتاہی، غیرقانونی منظوری یا تکنیکی غفلت ثابت ہوئی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ریسکیو اداروں کے مطابق اب تک کئی افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے جبکہ بیس سے زائد افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقے میں امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

Related Posts