کربلا چراغ حق ہے جو کبھی نہیں بجھتا؛ صدر مملکت اور وزیر اعظم کا یوم عاشورہ پر پیغام

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

یوم عاشور 1447 ہجری کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس دن کو ظلم کے خلاف استقامت، حق پرستی اور قومی اتحاد کا پیغام قرار دیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ کربلا، حق کا وہ چراغ جو کبھی نہیں بجھتا، یوم عاشور ہمیں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کی اس قربانی کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے حق و باطل کے معرکے میں انسانیت کے لیے پیش کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ امام حسینؓ نے سچائی، عدل اور اصولوں کی بقا کے لیے جان دے دی مگر ظلم کے آگے سر نہ جھکایا۔ ان کی شہادت ہمیں وفا، قربانی اور حوصلے کی وہ مثال عطا کرتی ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گی۔”

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کربلا کا درس آج بھی ضمیرِ انسانی کو جگاتا ہے، یوم عاشور کو تاریخِ اسلام کا ایک عظیم اور لازوال دن قرار دیا۔

انہون نے کہا کہ کربلا کا معرکہ صرف ایک جنگ نہیں بلکہ ایک ایسی صدا ہے جو ہر دور میں حق، حریت، عزت نفس اور سچائی کے علمبرداروں کو بیدار کرتی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج جب ہم بطور قوم مختلف چیلنجز جیسے معیشت، اخلاقی اقدار اور قومی وحدت کا سامنا کر رہے ہیں، تو ہمیں امام حسینؓ کے پیغام سے رہنمائی لیتے ہوئے دیانت، اتحاد، رواداری اور قربانی کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہو گا۔

Related Posts