یوم عاشور؛ ملک بھر میں جلوس عزاء، امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

یوم عاشور کے موقع پر پورے ملک میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار رفقاء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس ہائے عزاء کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کربلا کی بے مثال جدوجہد اور قربانی کو یاد کرتے ہوئے ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔ یہ جلوس تاریخی راستوں سے گزرتا ہوا شام کے وقت کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جہاں عزادارانِ حسینؓ مجالس میں شرکت کریں گے اور ماتم داری کریں گے۔

کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے نشتر پارک سے شروع ہوگا، جو روایتی راستوں پر رواں دواں رہتے ہوئے امام بارگاہ حسینیاں ایرانیان، کھارادر میں ختم ہو گا۔ اس موقع پر مختلف مذہبی علامتیں جیسے علم، تابوت اور شبیہ ذوالجناح بھی زیارت کے لیے نکالی جائیں گی۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے متعدد علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے، جبکہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

پشاور میں شب عاشور کے تمام جلوس بخیر و خوبی اختتام پذیر ہو چکے ہیں۔ شہر میں مجموعی طور پر 16 جلوس نکالے گئے جن میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

روہڑی میں نو محرم کی شب کو تاریخی نو ڈھال کا جلوس اپنے مخصوص راستوں سے گزرتا ہوا کربلا میدان پہنچ چکا ہے، جہاں عزادار رات بھر قیام کریں گے۔ آج دوپہر کے بعد یہ جلوس شہداء قبرستان کی جانب روانہ ہوگا۔

ملتان میں یوم عاشور کے دن مختلف علاقوں سے تقریباً 25 سے زائد تعزیے اور جلوس برآمد ہوں گے، جن میں قدیمی “استاد شاگرد” تعزیے بھی شامل ہیں، جو شہر کی عزاداری کی روایت کا اہم حصہ مانے جاتے ہیں۔

گوجرانوالہ میں آج کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستانِ معرفت سے برآمد ہو گا، جبکہ مٹھی میں عاشورہ کا جلوس صبح 10 بجے نکالا جائے گا۔ اسی طرح میرپور آزاد کشمیر میں امام بارگاہ بیت الحزن سے صبح 11 بجے مرکزی جلوس کا آغاز ہو گا۔

ملک کے مختلف حصوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں موبائل فون سروس عارضی طور پر بند ہے، اور جلوس کے راستوں پر پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Related Posts