کراچی میں بوندا باندی لیکن! چاروں صوبوں میں طوفانی بارش، سیلاب کی وارننگ

تازہ ترین

تازہ ترین

Cyclone ‘Shakti’ 360 km from Karachi, city may see rain today
FILE PHOTO

محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 10 جولائی تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے وارننگ جاری کر دی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ، کشمیر اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ اپر پنجاب، پوٹھوہار ریجن، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان کے پہاڑی نالوں، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

ان پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں، جو سڑکوں کی بندش اور سفری مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں۔

اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع بشمول دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، شانگلہ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، ہنگو، کرم، کوہاٹ، کرک، وزیرستان، بنوں اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب بھر میں وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جن میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، ملتان، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان کے علاقے شامل ہیں۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، مٹھی، سانگھڑ، دادو، سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، کشمور، شکارپور اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان میں بھی گرم اور مرطوب موسم غالب رہے گا، تاہم بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، بولان، ژوب، زیارت، کوئٹہ، قلات، مستونگ، خضدار، آواران، خاران، لسبیلہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔

کشمیر میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، جن میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔

پنجاب میں اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 131 ملی میٹر، زیرو پوائنٹ پر 85 ملی میٹر، گولڑہ میں 32 ملی میٹر، اور ایئرپورٹ پر 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جہلم میں 103 ملی میٹر، منگلا میں 81 ملی میٹر اور لاہور میں شہر کے مختلف علاقوں میں 61 ملی میٹر اور ایئرپورٹ پر 41 ملی میٹر بارش ہوئی۔

راولپنڈی (چکلالہ) میں 43 ملی میٹر، لیہ میں 37 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین میں 32 ملی میٹر، کوٹ ادو میں 30 ملی میٹر، اور بھکر میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے لوئر دیر میں 25 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 20 ملی میٹر اور پشاور ایئرپورٹ پر 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔

آزاد کشمیر کے گڑھی دوپٹہ میں 15 ملی میٹر جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ میں 14 ملی میٹر، خضدار میں 6 ملی میٹر اور قلات میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے کچھ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا، جن میں نوکنڈی 47 ڈگری سینٹی گریڈ، دالبندین اور چلاس 46 ڈگری، جب کہ سبی اور دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

Related Posts