ڈیفنس کراچی کے فلیٹ سے خاتون کی تعفن زدہ لاش برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایم ایم

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں ایک فلیٹ سے خاتون کی ایک ماہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت حمیرا اصغر کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ سات برس سے مذکورہ فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی عمر تقریباً 30 سے 35 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حمیرا اصغر نے یہ فلیٹ سنہ 2018 میں کرایہ پر لیا تھا، تاہم سال 2024 سے وہ کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔ اس سلسلے میں مالک مکان نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (CBC) میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

آج جب عدالت کے حکم پر بیلف کرایہ داری کے مقدمے کی کارروائی کے سلسلے میں فلیٹ پر پہنچا تو اندر سے تعفن آنے پر دروازہ توڑ کر داخل ہوا، جہاں خاتون کی لاش موجود پائی گئی۔

پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو طبعی موت قرار دیا ہے، تاہم مزید حقائق جاننے کے لیے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ موت کتنے دن یا ہفتے پہلے واقع ہوئی اور آیا کوئی مشکوک پہلو موجود ہے یا نہیں۔ پڑوسیوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ خاتون کافی عرصے سے اکیلی اور تنہائی میں زندگی گزار رہی تھیں۔

Related Posts