آج صبح لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کی سڑکوں کو تالابوں میں بدل دیا، نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
لاہور میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا سلسلہ 4 گھنٹے 14 منٹ تک جاری رہا اور اب تک 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں ہوئی ہے۔
محکمے کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آٹھ گھنٹے گزرنے کے باوجود کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم صورتحال پر چوبیس گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ یہ مون سون اسپیل 13 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے گھروں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں طویل عرصے سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ لاہور کے تمام انڈر پاسز کلیئر ہیں، البتہ نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








