پانچ گیندوں پر 5 وکٹیں اڑادیں! آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچادیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Five wickets in five balls: Ireland’s Curtis Campher makes new record in cricket history
ONLINE

آئرلینڈ کے آل راؤنڈر کرٹس کیمفر نے پیشہ ورانہ کرکٹ کی تاریخ میں وہ کارنامہ انجام دے دیا جو آج سے پہلے کسی مرد کھلاڑی نے نہ کیا تھا، انہوں نے مسلسل پانچ گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

یہ تاریخی کارکردگی انہوں نے انٹر پرووینشل ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کے میچ میں دکھائی، جہاں ان کی ٹیم مانسٹر ریڈز کا مقابلہ نارتھ ویسٹ واریئرز سے ڈبلن میں ہوا۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت مانسٹر نے یہ میچ 100 رنز سے جیت لیا۔

کیمفر نے پہلے اپنے اوور کے اختتام پر جیرڈ ولسن کو بولڈ کیا اور گراہم ہیوم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جو کہ بارہویں اوور کا اختتام تھا۔

اس کے بعد چودہویں اوور میں واپسی پر انہوں نے اینڈی مکبرائن کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور فوراً بعد روبی ملار اور جوش ولسن کی وکٹیں لے کر یہ ناقابلِ یقین ریکارڈ اپنے نام کیا۔

بعد ازاں بات چیت کرتے ہوئے کرٹس کیمفر نے کہا کہ وہ خود بھی سمجھ نہیں پائے کہ یہ سب کیسے ہو گیا، وہ صرف سادہ گیندبازی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے تھے اور خوش قسمتی سے سب کچھ ان کے حق میں ہو گیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل زمبابوے کی خواتین کھلاڑی کیلیس ندلووو یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں جب انہوں نے 2024 میں ایک انڈر 19 ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ایگلز ویمن کے خلاف مسلسل پانچ گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مردوں کے کرکٹ میں یہ کارنامہ پہلی بار کرٹس کیمفر نے سرانجام دیا ہے جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ آئرش کرکٹ کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ ہے۔

Related Posts