بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں حال ہی میں کھولے گئے کیفے کیپس کیفے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، 9 جولائی 2025 کی رات نامعلوم حملہ آوروں نے کیفے پر کم از کم نو گولیاں چلائیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس واقعے کی ذمہ داری خالصتاتی شدت پسند ہرجیت سنگھ لڈی نے قبول کر لی ہے، جو اس وقت جرمنی میں مقیم ہے۔
یہ کیفے سرے، برٹش کولمبیا (کینیڈا) کے علاقے میں واقع ہے اور یہ کپل شرما کا ریسٹورنٹ انڈسٹری میں پہلا قدم ہے جس میں ان کی اہلیہ گنی چترتھ بھی شریک ہیں۔ کیفے کی سافٹ لانچ 7 جولائی کو ہوئی تھی اور افتتاح کے چند ہی دنوں میں یہ بھارتی کمیونٹی میں مقبول ہو رہا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات 1بج کر 50 منٹ کے قریب پیش آیا۔ سرے پولیس سروس کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کیفے کی کھڑکیوں پر کم از کم 10 گولیوں کے نشانات دیکھے جن میں سے ایک کھڑکی مکمل طور پر چکناچور ہو چکی تھی۔
حملے کے وقت کچھ اسٹاف ارکان کیفے میں موجود تھے تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور فورینزک تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے چند گھنٹوں بعد ہرجیت سنگھ لڈی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔
اس نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ کپل شرما کے شو دی گریٹ انڈین کپل شو میں نہنگ سکھوں کے لباس اور رویے سے متعلق دیے گئے ریمارکس کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا جو اس کے بقول مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف کینیڈا میں موجود بھارتی برادری بلکہ عالمی سطح پر فنکاروں اور مشہور شخصیات کی سیکورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھا رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کینیڈین حکام اور بین الاقوامی ادارے اس شدت پسند کارروائی پر کیا ردِعمل دیتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








