بھارتی ماڈل، اداکارہ اور سابق مس گرینڈ ملیشیا 2021 لشالنی کناران کے ساتھ مبینہ جنسی ہراسانی کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، لشالنی نے خود اس واقعے کی تفصیلات اپنے انسٹاگرام پر ایک جذباتی اور ہمت طلب پوسٹ میں شیئر کیں، جس کے بعد ملائیشین پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
لشالنی کناران کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے ہفتہ کے روز ملائیشیا کے علاقے سپانگ میں واقع مریمّن مندر میں پیش آیا، جہاں وہ روحانی سکون کی تلاش میں کئی مرتبہ جا چکی تھیں۔
وہ اس دن اکیلی مندر گئیں کیونکہ ان کی والدہ بھارت میں تھیں۔ لشالنی نے بتایا کہ مندر کے جس پجاری نے پہلے بھی انہیں مذہبی رہنمائی دی تھی، اُس نے اس بار بھی انہیں خصوصی پانی اور رکشا سوتر کے ذریعے برکت دینے کی پیشکش کی۔
عبادت کے اختتام پر پجاری نے ان سے کہا کہ وہ ایک گھنٹہ انتظار کریں، پھر انہیں اپنے علیحدہ کمرے میں بلایا۔ لشالنی کے بقول، میں اُس کے ساتھ جا رہی تھی لیکن میرے دل میں عجیب سا احساس پیدا ہو رہا تھا، جیسے کچھ غلط ہونے والا ہو۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی وہ کمرے میں داخل ہوئیں، پجاری نے پانی میں ایک تیز بدبو والا مائع ملا کر ان پر چھڑک دیا، جسے اس نے مقدس پانی قرار دیا۔ پجاری نے دعویٰ کیا کہ یہ مائع بھارت سے آیا ہے اور عام لوگوں کے لیے نہیں ہوتا۔
لشالنی کے مطابق اس نے میرے چہرے پر چھڑکاؤ شروع کر دیا، مائع اتنا تیز تھا کہ میری آنکھوں میں جلن ہونے لگی، میں انہیں کھول بھی نہ سکی۔ اچانک اُس نے بغیر کچھ کہے میرے بلاؤز اور زیر جامہ کے اندر ہاتھ ڈال دیا اور مجھے نامناسب طریقے سے چھونے لگا۔
انسٹاگرام پر لکھے گئے پیغام میں لشالنی نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کرتے ہوئے لکھا کہ دھوکہ سب سے گہرا زخم دیتا ہے۔ میں مزید کچھ نہیں کہنا چاہتی، لیکن سچ یہ ہے کہ اُس پجاری نے میرا استحصال کیا۔
مقامی پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی ہے اور پجاری کی تلاش جاری ہے۔ اب تک پجاری مفرور ہے لیکن تفتیش میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ یہ کیس ملائیشیا میں مذہبی مقامات پر خواتین کی حفاظت کے حوالے سے شدید سوالات اٹھا رہا ہے۔
بھارتی نژاد لشالنی کناران نے 2021 میں مس گرینڈ ملائیشیا کا تاج اپنے نام کیا۔ ان کا تعلق ملائیشیا کی ریاست سلانگور سے ہے اور وہ فنِ تعمیر کی طالبہ ہیں۔
ان کے انسٹاگرام پر 90 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔ وہ ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ کچھ ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کر چکی ہیں اور ملائیشیا میں ایک معروف عوامی شخصیت مانی جاتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








