کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے کیس میں پولیس نے تفتیشی دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق، اداکارہ کے زیر استعمال تین موبائل فونز، ایک لیپ ٹاپ اور ایک ٹیبلٹ کو کھول لیا گیا ہے۔
ان تمام گیجٹس کے پاس ورڈز ان کی ڈائری میں درج تھے جن کی مدد سے پولیس نے کامیابی سے تمام ڈیجیٹل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے اب تک دو افراد کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں، جب کہ مزید دو افراد کو طلب بھی کیا گیا ہے۔
اداکارہ کے معمولاتِ زندگی کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس ان کے جم ٹرینر اور بیوٹیشن سے بھی رابطہ کر رہی ہے تاکہ مزید سراغ حاصل کیے جا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کے چند مخصوص افراد سے رابطے تھے، جن کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں اور بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے تاکہ مالی لین دین کا ریکارڈ حاصل کیا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ڈیجیٹل اور فزیکل شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








