کراچی کے گنجان آباد تجارتی مرکز طارق روڈ پر ایک جیولر سے کروڑوں روپے کی نقدی چھیننے کی واردات پیش آئی۔ یہ واقعہ فیروزآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کا مقدمہ متاثرہ شخص بلال کی جانب سے درج کرا دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واردات سے کچھ دیر پہلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے، جس میں مشتبہ افراد کو علاقے میں گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مدعی نے فوٹیج میں موجود ملزمان کو شناخت کر لیا ہے، اور ان کی شناخت موٹر سائیکلوں اور پہنے گئے کپڑوں کے رنگ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیولر بلال گزشتہ رات بڑی رقم لے کر طارق روڈ پہنچا ہی تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اس کا پیچھا کرتے ہوئے اسے لوٹ لیا۔
ملزمان نے اسلحے کے زور پر بیگ چھین لیا، جس میں بلال کے مطابق 3 کروڑ 95 لاکھ روپے کی نقدی موجود تھی، جو وہ کہیں سے لے کر آ رہا تھا۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعے کے مقام کے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مزید فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے تاکہ ملزمان کی حرکات و سکنات کا مکمل سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور دیگر ممکنہ شراکت داروں کی بھی چھان بین جاری ہے تاکہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








