چکوال میں 427 ملی میٹر ریکارڈ بارش، ڈیم ٹوٹ گیا، درجنوں گھر زیر آب

تازہ ترین

تازہ ترین

Dam bursts, homes flooded, two dead as Chakwal hit by record 427mm rain
ONLINE

پنجاب کے شہر چکوال اور گردونواح میں صرف 10 گھنٹوں کے دوران 427 ملی میٹر کی ریکارڈ توڑ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی بارش ایمرجنسی نافذ کرنی پڑی۔

موسلا دھار بارش کے سبب مقامی ڈیم کا بند ٹوٹ گیا جس کے باعث قریبی بستیوں سے لوگوں کا انخلا شروع ہوا۔ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، متعدد افراد گھروں میں محصور ہو گئے اور کئی خاندان کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہو گئے۔

خیوال کے علاقے میں ایک شخص اور اس کا بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب کہ ایک حاملہ خاتون اور اس کا بچہ شدید زخمی ہوئے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد مون سون بارشوں کے دوران ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 149 تک جا پہنچی ہے۔بدھیال کے علاقے میں دیواریں گر گئیں اور سیلابی ریلے مویشیوں کو بھی بہا لے گئے۔

بھناؤ، کلھیان، سروالی سمیت دیگر ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ج کہ پنوال ڈیم کا بند ٹوٹنے سے دو گاڑیاں اور تین افراد پانی میں بہہ گئے۔ دو افراد کو بچا لیا گیا جبکہ تیسرے کی تلاش جاری رہی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پاک فوج سے مسلسل رابطے میں ہے اور آخری فرد کے محفوظ ہونے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کے اہلکار ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جب کہ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محفوظ مقامات پر قیام کریں۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔

Related Posts