لاہور کے علاقے ساندا میں بیوہ خاتون کے گھر سے تقریباً 10 تولے سونا اور نقدی چوری کرنے والی خاتون ٹیچر کو اس کے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، خاتون ملزمہ ایک نجی ٹیوشن سینٹر میں استاد تھی، جہاں وہ متاثرہ بیوہ خاتون کے بچوں کو پڑھاتی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران اس نے چپکے سے گھر کی چابی چرا لی اور اس کی نقل تیار کروائی۔
چند دن بعد جب گھر والے غیر موجود تھے، تو ملزمہ اپنے دونوں ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں داخل ہوئی اور قیمتی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئی۔ چوری کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ ذرائع سے حاصل معلومات کی مدد سے تینوں خواتین کو پاکپتن سے گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مضبوط کیس تیار کیا جا رہا ہے۔
اسی ہفتے پولیس نے ایک اور کارروائی میں جوہر ٹاؤن سے 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کی چوری میں ملوث سابق ڈرائیور علی رضا اور اس کے ساتھی راشد کو بھی گرفتار کیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق، علی رضا نے سابقہ ملازمت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوری کا منصوبہ بنایا اور قیمتی زیورات، نقدی، مہنگی گھڑیاں اور اسلحہ لے کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دونوں ملزمان کو ٹریس کیا اور ان کے قبضے سے 40 ہزار سعودی ریال، 25 تولے سونا، قیمتی گھڑیاں اور ایک پستول برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں وارداتوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو انصاف مل سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








