بالی ووڈ کی مقبول ترین کامیڈی فلم سیریز ‘ہاؤس فل’ کی پانچواں فلم ’ہاؤس فل 5’سینما گھروں میں ریلیز کے بعد اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمیزون پرائم ویڈیو پر بھی دستیاب ہے۔
فلم کی ہدایتکاری ترن منسکھانی نے کی ہے جبکہ اسے ساجد ناڈیاڈوالا نے اپنے بینر ‘ناڈیاڈوالا گرینڈسن انٹرٹینمنٹ’ کے تحت پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، ابھیشیک بچن، جیکولین فرنانڈس، سونم باجوا، نرگس فخری، سنجے دت، جیکی شروف، نانا پاٹیکر، چترانگدا سنگھ، فردین خان، چنکی پانڈے، جونی لیور، شریاس تلپڑے، ڈینو موریا، رنجیت، نکتن دھیر، آکاش دیپ سمیت کئی معروف اداکار شامل ہیں۔
فلم بینوں کے لیے خاص بات یہ تھی کہ ‘ہاؤس فل 5’ ایک منفرد انداز میں دو مختلف ورژنز کے ساتھ ریلیز کی گئی ہے جسے ’ہاؤس فل 5 اے‘ اور ’ہاؤس فل 5 بی‘ کہا جارہا ہے۔
چونکہ فلم ایک مرڈر مسٹری کامیڈی ہے، اس لیے دونوں ورژنز میں کہانی کا اختتام مختلف ہے اور قاتل بھی الگ ہیں۔
یہ دونوں ورژنز اب پرائم ویڈیو پر دستیاب ہیں مگر ایک دلچسپ شرط کے ساتھ، ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایمیزون پرائم ویڈیو پر دونوں ورژنز ‘آن رینٹ’ دستیاب ہیں۔
فلمی شائقین کو ‘ہاؤس فل 5’ آن لائن دیکھنے کے لیے 349 انڈین روپے ادا کرنے ہوں گے، لیکن اگر کوئی یہ جاننے میں دلچسپی رکھتا ہے کہ دوسرے ورژن میں کہانی کیسے اختتام پذیر ہوتی ہے، تو اسے اتنے ہی پیسے مزید ادا کرنے ہوں گے، یوں دونوں ورژنز دیکھنے کے لیے کل 698 بھارتی روپے ادا کرنے ہوں گے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کب آن لائن مفت دستیاب ہوگی یا کب اسے پرائم سبسکرپشن کیٹگری میں شامل کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








