با کمال لوگ، لاجواب چوری؛ پی آئی اے کا ملازم سامان چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

fantastic people fantastic theft pia employee caught stealing goods
ONLINE

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) سے وابستہ ایک ملازم کو مسافروں کے سامان کی چوری میں ملوث پائے جانے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازم طارق علی پی آئی اے کے انجینئرنگ شعبے سے وابستہ ہے اور اس پر اس سے قبل بھی مسافروں کے سامان چوری کے الزامات عائد ہو چکے ہیں۔

واقعہ کا انکشاف اس وقت ہوا جب لاہور سے کراچی آنے والی ایک خاتون مسافر نے جناح ٹرمینل پر اپنے سامان کے غائب ہونے کی شکایت درج کروائی۔

شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ کی ڈیوٹی ٹرمینل منیجر غزالہ صدیقی نے سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد ویجی لنس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی شناخت کر لی۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ پی آئی اے کا مذکورہ ملازم خاتون کا بیگ لے کر اندرونِ ملک روانگی لاؤنج سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔

جب ویجی لنس ٹیم نے اسے روکا تو اس نے مزاحمت کی اور ہاتھا پائی کا واقعہ بھی پیش آیا تاہم فوری طور پر ایئرپورٹ سیکورٹی فورس اور ایئرپورٹ انتظامیہ نے مداخلت کر کے سامان برآمد کر لیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، ملزم طارق علی کا ایئرپورٹ انٹری پاس ضبط کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واقعے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کو باقاعدہ طور پر ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ طارق علی ماضی میں ایک نجی ایئرلائن کے مسافروں کے سامان کی چوری میں بھی ملوث رہا ہے تاہم تب کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث وہ دوبارہ پی آئی اے میں فعال رہا۔ موجودہ گرفتاری کے بعد امکان ہے کہ اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

Related Posts